
"آج کے استاد کو صحیح معنوں میں معلم بننے میں مشکلات اور ان کا حل"آفاق کے اہتمام سیمینار
ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی (آفاق) کے زیر اہتمام "عامی یوم اساتذہ"کے حوالے سے سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ جس میں "آج کے استاد کو صحیح معنوں میں معلم بننے میں مشکلات اور ان کا حل"کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ فورم میں پروفیسر عبدالنعیم خان(ماہر تعلیم)، اسلم راہی ایم اے(معروف مصنف اور تاریخ دان)،،محمد عثمان طارق(شعبہ تعلقات عامہ پنجاب)،حافظ محمد طیب(روزنامہ نئی بات) او ر عبدالصمد شمسی(قومی سفیر کتاب اورمیڈیا مینیجر آفاق) و دیگرماہرین تعلیم نے اظہار خیال کیا۔ پروگرام کی صدارت محمد خلیق (چیف آپریٹنگ آفیسر آفاق ) نے کی۔اس موقع پر آصف مشتاق (جنرل مینیجر ایچ آر اورممبر ٹیکنیکل کمیٹی ایچ آر سٹینڈرڈ ISOجنیوا) نے بھی خصوصی شرکت کی۔ جبکہ پروفیسر عبدالنعیم خان مہمان خصوصی تھے۔پروگرام کے شرکاء کا کہنا تھا آج کے استاد کو سب سے زیادہ معاشی مسائل کے ساتھ ساتھ وژن کی کمی کاسامنا ہے جس کی وجہ سے استاد حقیقی معنوں میں معلم کے طور پر سامنے آنے سے گریزاں ہے۔ اس کے علاوہ اداروں میں تربیت یافتہ اساتذہ کا فقدان بھی تعلیمی تنزلی کی ایک بڑی وجہ ہے۔اساتذہ کو تعلیم کے بجائے دیگر غیرتعلیمی سرگرمیوں میں ملوث کرنا بھی علمی میدان کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اساتذہ کو معاشرے میں باعزت و بامقصد مقام دلانے مناسب اقدامات کرے۔اور استاد بھی اپنے آپ کو ایک رول ماڈل کے طورپر پیش کرے تاکہ آنے والی نسل ملک و قوم کو ایک بہتر مستقبل دے سکے۔پروگرام کے آخر میں عبدالصمدشمسی نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے استاد کو سب سے زیادہ ضرورت ایسی صلاحیتیں پروان چڑھانے کی ہے جس سے طالب علم میں حوصلہ اور خود اعتمادی پیدا ہوسکے اور وہ کسی احساس کمتری کا شکار ہوئے بغیر تعلیمی میدان میں آگے نکل سکے اور ملک کو اقوام عالم میں ممتاز کر سکے۔